بھٹکل:14/اپریل(ایس اؤنیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن بھٹکل کے زیر اہتمام15اور 16اپریل کو نوجوانوں کے لئے 2روز ہ نوجوان قیادت ورکشاپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 18 سے 23 سال کی عمر کے نوجوانوں کو شریک ہونے کا موقع دیا گیا ہے۔اس بات کی جانکاری بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور نے دی۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ میں فیڈریشن کے تحت آنے والے تمام اسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں کو شریک ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے البتہ فیڈریشن کے باہر والے اسپورٹس کلب کے نوجوان بھی اگر چاہیں تو اس اہم ورکشاپ میں شریک ہوسکتے ہیں ، جس کے لئے فیڈریشن صدر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
ورکشاپ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے فیڈریشن کی تعلیمی کمیٹی کے ڈائرکٹر جاوید حسین آرمار نے بتایا کہ دو روزہ پروگرام میںشخصی تعمیر و ترغیب ، نوجوان اپنی زندگی کا مصرف کیسے کریں، دنیااور اسلامی دنیا میں جاری سیاست جیسے اہم عنوانات پر بنگلورو کے پیشہ ورماہر سید حبیب، منگلورو کے محمد سیف وغیرہ خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے نوجوان اور طلبا تعلیم سے فراغت حاصل کرنے کے بعد اکثر بیرونی ممالک کا رخ کرتے ہیں اس سلسلے میں شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں ہندوستان میں ہی ملازمت اور تجارت تلاش کرنے اور ملک کو بہتر ترقی دینے میں اپنا بیش بہا تعاون پیش کرنےکی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے طلبا سے اپیل کی کہ وہ 2020مشن کو لے کر آگے بڑھیں۔
ورکشاپ کا خاص مقصد یہ ہے کہ طلبا اور نوجوانوں کو سرکاری اعلیٰ ملازمتوں پر فائز کرنے کے لئے ان کی رہنمائی کی جائے ، ہماری یہ کوشش ہوگی کہ اگلے تین سالوں میں کم سےکم 5-6 نوجوانوں کو ہم سرکاری اعلیٰ عہدوں پر فائز کریں گے ۔ مزید بتایا کہ اس طرح کے ورکشاپ منعقد کرکے وقتاً فوقتاً ملک بھر کے ماہرین مدعو کرتے ہوئے نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
ورکشاپ کی اہم کڑی فیڈریشن کے زیر اہتمام 16اپریل 2017بروز اتوار کی رات 9بجے تنظیم گراؤنڈ ، نوائط کالونی میں ’’نوجوان قیادت ‘‘کے عنوان سے عوامی اجلاس ہے اجلاس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنف ، کالم نگار ، ممبئی آئی آئی ٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر رام پنیانی مہمان ِخصوصی ہونگے ، اجلاس میں رام پنیانی اقلیتوں کی سیاست ماضی ، حال اور مستقبل کے عنوان پر خطاب کریں گے۔ اعزازی مہمان کے طورپر برینی اسٹارس ایجوکیشن انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ بنگلورو کے سی ای اؤ محترم سید تنویر احمد اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی یو پی ایس سی امتحانات پر روشنی ڈالیں گے۔ فیڈریشن کے صدر جناب امتیاز ادیاور اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریشن کے جنرل سکریٹری عبدالواجد کولا نے اسپورٹس سینٹروں کے تمام نوجوانوں سے اپیل کیہے کہ اس ورکشاپ اور عوامی اجلاس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ورکشاپ کے ذریعے نوجوانوں کو فائدہ دلانے ہرممکن تعائون کریں۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ 16/ اپریل کو رات 9/ بجے تنظیم گرائونڈ نوائط کالونی میں منعقدہ عوامی اجلاس میں کثیر تعداد میں شریک ہوکر پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعائون کریں۔
